ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں زبردست بارش؛ رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے تالاب میں تبدیل؛ ساحلی کرناٹکا میں محکمہ موسمیات نے جاری کیا ریڈ الرٹ

بھٹکل میں زبردست بارش؛ رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے تالاب میں تبدیل؛ ساحلی کرناٹکا میں محکمہ موسمیات نے جاری کیا ریڈ الرٹ

Tue, 04 Jul 2023 19:29:26    S.O. News Service

بھٹکل 4 جولائی (ایس او نیوز)   مینگلور، اُڈپی اور کنداپو ر سے لے کر بھٹکل تک تمام ساحلی علاقوں میں پیر شام سے آج منگل  بھی زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق پورے اُترکنڑا میں سب سے زیادہ بارش بھٹکل میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھٹکل میں پیر صبح آٹھ بجے سے منگل صبح آٹھ بجے تک  112.10 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ضلع اُترکنڑا کے کاروار سے ملی اطلاع کے مطابق منگل شام چھ بجے سے کاروار میں بھی موسلادھار بارش شروع ہوگئی ہے، ایسے میں محکمہ موسمیات نے ساحلی کرناٹکا کے تینوں اضلاع دکشن کنڑا، اُڈپی اور شمالی کینرا میں  گلے چوبیس گھنٹوں میں  مزید تیز سے بے حد تیز بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے اور تینوں اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

پیر رات کو بھٹکل شمس الدین سرکل اور رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پر بھاری مقدار میں پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک نظام متاثر ہوا تھا، لیکن درمیان میں بارش کم ہوتے ہی تمام پانی خالی ہوگیا تھا، مگر آج منگل  دوپہر سے جاری  زور دار اور مسلسل بارش سے دونوں جگہوں کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی نیشنل ہائی وے پر پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک نظام متاثر ہوا ہے۔ بالخصوص رنگین کٹہ میں آج منگل کو پانی اتنی زیادہ مقدار میں جمع ہوگیا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پورا علاقہ تالاب میں تبدیل ہوگیا ہے۔ پیر رات کو بھٹکل کے کئی علاقوں میں درختوں کے گرنے سے بعض مکانات کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے، اسی طرح ہیسکام دفتر سے ملی اطلاع کے مطابق طوفانی بارش کے نتیجے میں پیر رات کو صرف تعلقہ کے بیلنی علاقہ میں ہی دس الیکٹرک  کھمبے گرے ہیں جبکہ دیگر دو جگہوں پر ایک ایک کھمبا گرا ہے اسی طرح درختوں کےگرنے سے تین الیکٹرک ٹرانسفارمر کو  نقصان پہنچا ہے۔

اُدھرپڑوسی علاقوں  مینگلور، اُڈپی ، کنداپور میں بھی مسلسل بارش ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کاروار سے ملی اطلاع کے مطابق منگل شام چھ بجے سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور رپورٹ لکھے جانے تک  زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔


Share: